میکسیکو میں بس حادثہ، 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

میکسیکو میں بس حادثہ، 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

میکسیکو سٹی۔2مئی (اے پی پی):میکسیکو کی ریاست نایارِت میں ایک سیاحتی بس الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔شنہوا کے مطابق یہ حادثہ نایارِت کے علاقے اَماتلان دے کاناس کے قریب پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 31 افراد زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں نایارِت کے استغاثہ دفتر نے تصدیق کی کہ 11 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جن میں سے 6 موقع پر جبکہ 5 ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔نایارِت کے حکام کے مطابق وہ ریاست خالیسکو کے حکام سے رابطے میں ہیں، جہاں سے یہ بس روانہ ہوئی تھی، جبکہ حادثے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ریاستی گورنر میگوئل اینخل نوارو نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کے علاج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔