نیدرلینڈزکی سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا پانچواں مرحلہ جیت لیا

نیدرلینڈز کی مایہ ناز سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا پانچواں مرحلہ اپنے نام کر لیا ہے جبکہ اینا وین ڈیر بریگن نے مجموعی برتری برقرار رکھتے ہوئے گلابی جرسی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے

روم۔4جون (اے پی پی):نیدرلینڈز کی مایہ ناز سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا پانچواں مرحلہ اپنے نام کر لیا ہے جبکہ اینا وین ڈیر بریگن نے مجموعی برتری برقرار رکھتے ہوئے گلابی جرسی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا37 واں ایڈیشن شروع ہوچکا ہے جس میں ویمنز سائیکلنگ کی دنیا کی نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے پانچویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے لانگرون سے سانتو سٹیفانو دی کاڈورے تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو 138کلومیٹر پر محیط تھا۔ رواں سال کی ریس کے پہلے پہاڑی مرحلے کے اختتام پر 4 سائیکلسٹوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔

ہالینڈ کی 29 سالہ سائیکلسٹ ڈیمی وولرنگ نے آخری لمحات میں اپنی ہم وطن اینا وین ڈیر بریگن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ چار مرتبہ کی گیرو چیمپئن نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ اینا وین ڈیر بریگن دوسرے نمبر پر رہی۔جرمنی کی انتونیا نیدر مائر اسی وقت کے ساتھ تیسرے جبکہ کینیڈا کی ازابیلا ہولمگرین 2 سیکنڈ کے فرق کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 9 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 1153.7 کلو میٹر کا سفر طے کریں گی ۔ ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 21 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں ۔ ویمنزگیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 30مئی سے شروع ہوکر 7جون کو سالزو، اٹلی میں اختتام پذیر ہوگی۔