فیفا ورلڈ کپ 2026کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک دوستانہ وارم اپ میچ میں ناروے نے سویڈن کو 1-3 سے شکست دے دی ہے۔
ورلڈ کپ وارم اپ میچ،ارلنگ ہالینڈ کی عدم موجودگی میں ناروے نے سویڈن کو 1-3 سے ہرا دیا

مزید خبریں
اوسلو۔2جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک دوستانہ وارم اپ میچ میں ناروے نے سویڈن کو 1-3 سے شکست دے دی ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق اوسلو کے الیوال سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ناروے کے سٹار سٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ میچ دیکھنے کے لئے سٹینڈز میں موجود رہے جبکہ سویڈن کی جانب سے الیگزینڈر اساک نے واحد گول سکور کیا۔ناروے کی ٹیم نے میچ میں جارحانہ آغاز کیا اور 0-3 کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔ ناروے کی جانب سے جورجین سٹینڈ لارسن نے 2 شاندار گول کیے جبکہ ایک گول انتونیو نوسا نے سکور کیا۔ میچ کے 62 ویں منٹ میں سویڈن کے فارورڈ الیگزینڈر اساک متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے اور اپنے عمدہ کھیل کے باعث اپنی ٹیم کے لئے واحد گول کیا۔یہ میچ دونوں ممالک کے سٹار سٹرائیکرز کے حالیہ سیزن کے بالکل برعکس رہا۔
ناروے کے ارلنگ ہالینڈ نے مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے رواں سیزن 2025-26میں تمام مقابلوں میں 38 گول سکور کیے اور ٹیم کو کاراباؤ کپ اور ایف اے کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب، لیورپول کے الیگزینڈر اساک کے لئے یہ سیزن انجری کی وجہ سے مایوس کن رہا، جہاں وہ نیو کیسل سے اینفیلڈ منتقلی کے بعد صرف 14 میچز کھیل سکے اور محض 3 گول کر پائے۔یہ دونوں کھلاڑی اس موسم گرما میں شمالی امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔ ورلڈ کپ کے گروپ ‘آئی’ میں ناروے کا مقابلہ فرانس، سینیگال اور عراق سے ہوگا، جبکہ سویڈن کی ٹیم گروپ ‘ایف’ میں نیدرلینڈز، جاپان اور تیونس کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ایک اور وارم اپ میچ میں ترکیہ نے شمالی مقدونیہ کو 0-4 سے شکست دی۔ لا لیگا سیزن کے اختتام پر انجری کا شکار ہونے والے ریال میڈرڈ کے ابھرتے ہوئے سٹار اردا گولر بھی ترکیہ کی جانب سے متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں نظر آئے۔








