وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں فتنہ الخوارج کے چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’عزم استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے پرعزم ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔








