وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس وفاقی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا

کوئٹہ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل جاری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جن میں مواصلات، پانی، بجلی، صنعت، ہائر ایجوکیشن اور دیگر سیکٹرز کے منصوبے شامل ہیں اور فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت سے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز جاری کرنے پر زور …

کوئٹہ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل جاری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جن میں مواصلات، پانی، بجلی، صنعت، ہائر ایجوکیشن اور دیگر سیکٹرز کے منصوبے شامل ہیں اور فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت سے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز جاری کرنے پر زور دیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں کی افادیت سے عوام مستفید ہوسکیں۔ اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے منصوبے تو شامل کئے جاتے ہیں لیکن ان کے لئے ناکافی فنڈز مختص ہوتے ہیں جن سے نہ صرف منصوبے تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں بلکہ ان کی لاگت میں بھی اضافہ ہوتا ہے، اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ ایکنک سے منظوری کے بعد بھی کئی منصوبے ایسے ہیں جن پر کام شروع نہیں کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وفاقی منصوبوں کی پیشرفت کی مکمل تفصیلات تیار کی جائیں جنہیں موثر طور پر وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا، اجلاس میں بڑی لاگت کے منصوبوں کے لئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات کی سربراہی میں ٹیکنیکل سلیکشن بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں صوبے میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا اور پی اینڈ ڈی کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں منصوبوں میں کنٹیجنسی اور کنسلٹنسی کی مد میں ہونے والے اخراجات کو کم سے کم سطح پر رکھنے کی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔