وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا ایوان بالا میں تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے لائی گئی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی ڈی میں قواعد و ضوابط اور 1973ءکے رولز آف بزنس کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت کو پریس کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں،ان قواعد کی خلاف ورزی ایک غلط روایت قائم کرنے کے مترادف ہو گی،اراکین پارلیمنٹ جو قوانین بنانے والے ہیں وہی ان کی خلاف …

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی ڈی میں قواعد و ضوابط اور 1973ءکے رولز آف بزنس کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت کو پریس کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں،ان قواعد کی خلاف ورزی ایک غلط روایت قائم کرنے کے مترادف ہو گی،اراکین پارلیمنٹ جو قوانین بنانے والے ہیں وہی ان کی خلاف ورزی کرنا شروع کر دیں تو کوئی بھی فرد قانون اور قواعد کی پابندی نہیں کرے گا۔جمعرات کو ایوان بالا میں تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے لائی گئی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ متعلقہ قواعد کے تحت وفاقی حکومتی اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سرکاری خبریں اور معلومات وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت اداروں پی آئی ڈی یا ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے ذریعے پریس اور عوام تک پہنچائیں اور ان آفیسران کو دراصل حکومت کے سرکاری ترجمان کے طور پر پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کی اجازت دی جاتی ہے۔ خارجہ پالیسی سے متعلقہ کوئی بھی بیان وزیراعظم، وزیر مملکت برائے خارجہ امور یا وزارت خارجہ کی مشاورت کے بغیر نہیں دیا جا سکتا۔ وزیر مملکت نے 2016ءمیں اس وقت کے وزیر اطلاعات کی جانب سے پی ٹی آئی کو پریس کانفرنس کی اجازت دینے کے حوالے سے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ انہوں نے قواعد میں نرمی کرتے ہوئے کسی سیاسی جماعت کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت دی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کو پی آئی ڈی میں پریس بریفنگ سے روکنا ان کیلئے ناخوشگوار تھا لیکن وہ قواعد کی خلاف ورزی نہیں کر سکتی تھیں۔

Leave a Reply