وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات کا افغان طالبان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا

راولپنڈی۔27فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے افغان طالبان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے حملہ کرنا ایک بھیانک غلطی ہے، افغان طالبان کو اس جارحیت کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں …

راولپنڈی۔27فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے افغان طالبان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے حملہ کرنا ایک بھیانک غلطی ہے، افغان طالبان کو اس جارحیت کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جو کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں اور پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم عناصر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم افواج پاکستان دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں امن کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی دفاع، خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتا رہے گا۔