کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی)نے اعلان کیا ہے کہ شین ڈائیٹ تین سالہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں
ویسٹ انڈیز خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈائیٹ مستعفی، کولی عبوری کوچ مقرر

مزید خبریں
کنگسٹن۔4نومبر (اے پی پی):کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی)نے اعلان کیا ہے کہ شین ڈائیٹ تین سالہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔رائٹرز کے مطابق ان کی جگہ ویسٹ انڈیز مردوں کی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کوچ آندرے کولی کو پاکستان کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے عبوری طور پر ٹیم کا چارج سونپ دیا گیا ہے۔شین ڈائیٹ کے کوچنگ کیریئر میں ویسٹ انڈیز نے 2024 اور 2026 کے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جہاں 2024 میں انہیں نیوزی لینڈ اور رواں برس آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سی ڈبلیو آئی کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مائلز باسکومب کا کہنا تھا کہ شین ڈائیٹ نے اس ٹیم کو مسلسل دو ورلڈ کپ سیمی فائنلز تک پہنچایا، اور اب یہی اس گروپ کا نیا معیار بن چکا ہے جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ہمیں اپنے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ہم نے اتفاق کیا کہ ٹیم کی بہتری اور ہموار منتقلی کے لیے یہی مناسب وقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آندرے کولی کے پاس ویسٹ انڈیز کرکٹ کے نظام کا وسیع تجربہ موجود ہے، جس میں گزشتہ سال مردوں کی ‘اے’ ٹیم کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔ ہم اس اسائنمنٹ کو قبول کرنے پر ان کے ممنون ہیں تاکہ پاکستان کے خلاف سیریز کی تیاری بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔







