ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز، کیرا بیری پہلی بار انگلینڈ کی سینئر ٹیم میں طلب، فریا گاڈفری انجری کے باعث باہر

انگلینڈ کی خواتین فٹ بال ٹیم کی انتظامیہ نے سپین اور آئس لینڈ کے خلاف شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں کے لئے 20 سالہ فارورڈ کیرا بیری کو پہلی بار سینئر سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے

لندن۔7اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کی خواتین فٹ بال ٹیم کی انتظامیہ نے سپین اور آئس لینڈ کے خلاف شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں کے لئے 20 سالہ فارورڈ کیرا بیری کو پہلی بار سینئر سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق امریکی کلب بے فٹ بال کلب کی نمائندگی کرنے والی کیرا بیری کو انڈر 23 ٹیم سے ترقی دے کر سینئر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جہاں وہ لندن سٹی لائنز کی زخمی کھلاڑی فریا گاڈفری کی جگہ لیں گی جو کندھے کی انجری کے باعث سکواڈ سے دستبردار ہو گئی ہیں۔

چیلسی کی تجربہ کار ڈیفینڈر نیام چارلس بھی انجری سے نجات پانے کے بعد 24 رکنی سکواڈ میں واپس آگئی ہیں جو گزشتہ برس سوئٹزرلینڈ میں یورپی ٹائٹل جیتنے والی انگلش ٹیم کا اہم حصہ تھیں۔ انگلینڈ کا 24 رکنی سکواڈ سینٹ جارج پارک میں جمع ہوگا جس کے بعد 14 اپریل کو ویمبلے سٹیڈیم میں سپین اور 18 اپریل کو ریکیاوک میں آئس لینڈ کے خلاف اہم میچز کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ انگلش ٹیم 2027کے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور کیرا بیری کی شمولیت کو ٹیم کی فارورڈ لائن میں نئی روح پھونکنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔