ویمن ورلڈ کپ کو جیتنے کےلئے قومی کرکٹ ٹیم بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، عائشہ اشعر

لاہور ۔ 25اپریل (اے پی پی ) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ جون کے تیسرے ہفتے میں انگلینڈ میں شروع ہونے والے ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کو جیتنا قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا خواب ہے اور اس خواب کی تعبیر کےلئے تمام کرکٹرز اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی ۔ یہاں منگل کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عائشہ اشعر نے کہا کہ ورلڈ کپ کےلئے اعلان کردہ ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں ٹیم کا پہلا ہدف سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی کرنا ہے اور دوسرا ہدف فائنل جیتنا ہوگا۔ دنیا کی کوئی بھی ٹیم پاکستان ٹیم کو آسان نہیں لیتی اور انہیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ پاکستانی ویمن ٹیم کے خلاف میچ جیتنا آسان نہیں ہے۔ قومی ویمن ٹیم میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل دنیا ئے کرکٹ کی مشکل ٹیموں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف 20 اور 22 جون کو وارم اپ میچز کھیلے گی۔