ٹیم کا آغاز بہت شاندار رہا،اسکواڈ میں تین کے علاوہ تمام کھلاڑی نئے تھے،گوہر شاہ
ٹیم کا آغاز بہت شاندار رہا،اسکواڈ میں تین کے علاوہ تمام کھلاڑی نئے تھے،گوہر شاہ

مزید خبریں
لاہور۔11اپریل (اے پی پی):ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے ٹیم کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کا آغاز بہت شاندار رہا ہے،اسکواڈ میں تین کے علاوہ تمام نئے کھلاڑی تھے۔ ہفتہ کو یہاں اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کپتان بھی نئے اور غیر ملکی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی مضبوطی اور کمزوریوں کا بغور جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ ملتان سلطانز نے اب تک اپنی مکمل صلاحیت کا صرف پچاس سے ساٹھ فیصد کھیل پیش کیا ہے اور ٹیم اس سے کہیں بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔
گوہر شاہ نے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ محمد نواز، پیٹر سیڈل اور اسٹیو اسمتھ جیسے تجربہ کار کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں جبکہ ٹم پین کی موجودگی میں تمام کھلاڑی متحد ہو کر کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹم پین نے ٹیم کو واضح حکمت عملی دی جس کا مثبت اثر کارکردگی پر نظر آ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود کی کارکردگی قابل تعریف ہے، شان مسعود کو نائب کپتان بنایا گیا اور ٹیم میں شامل کرنے کے بعد ان کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو اسمتھ کی اوپننگ جوڑی بھی بہترین ثابت ہو رہی ہے۔گوہر شاہ نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ ابتدا میں پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن ٹم پین انہیں پاکستان لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف شکست اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہوئی تاہم اب ان غلطیوں کو دور کر لیا گیا ہے ، اگر دوبارہ مقابلہ ہوا تو واضح فرق نظر آئے گا۔انہوں نے کراچی اور اسلام آباد کو بھی مضبوط ٹیمیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سال میں حاصل ہونے والے تجربے کی بدولت وہ دبائو میں بہتر فیصلے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شکست کے بعد بھی ڈریسنگ روم کا ماحول خراب نہیں ہونے دیا گیا۔گوہر شاہ نے کہا کہ وہ بطور منیجر ٹیم کے ساتھ موجود اور تمام فیصلے مشترکہ طور پر کیے جاتے ہیں، ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی میرٹ پر اور نوجوانوں کو بہترین مواقع دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے ملتان سلطانز کو سنبھالا تو ٹیم کے پاس کوئی اسپانسر نہیں تھا اور ہیڈ کوچ کے ساتھ صرف زبانی معاہدہ تھا۔ ٹم پین کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں وہ ٹیم میں آنے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن انہیں منایا گیا اور ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی، جس کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔گوہر شاہ نے تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ وہ اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے مداح ان کے لیے خاندان کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔








