پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور قلندرز کا تین روزہ کنڈیشننگ کیمپ18 مارچ تک جاری رہے گا

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی تیاریوں کے سلسلے میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اسلام آباد میں تین روزہ کنڈیشننگ کیمپ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق یہ کیمپ سمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر، کیپٹل سمارٹ سٹی میں شروع ہو گیا ہے اور 18 مارچ تک جاری رہے گا۔

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی تیاریوں کے سلسلے میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اسلام آباد میں تین روزہ کنڈیشننگ کیمپ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق یہ کیمپ سمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر، کیپٹل سمارٹ سٹی میں شروع ہو گیا ہے اور 18 مارچ تک جاری رہے گا۔کیمپ کے دوران ٹریننگ سیشنز افطار کے بعد رات 8 بجے سے 11 بجے تک ہوں گے۔ اس کیمپ میں ٹیم کے تمام مقامی کنٹریکٹڈ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ زمبابوے کے کپتان اور لاہور قلندرز کے اوورسیز کھلاڑی سکندر رضا بھی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں۔

کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس اور کنڈیشننگ کو بہتر بنانا اور آئندہ سیزن کے لیے ٹیم کو تیار کرنا ہے۔عید کی تعطیلات کے بعد ٹیم 23 مارچ کو لاہور میں دوبارہ اکٹھی ہوگی جہاں مقامی اور غیر ملکی تمام کھلاڑی سکواڈ میں شامل ہوں گے۔ اس کے بعد ٹیم کی تیاریاں پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ کی طرف منتقل ہو جائیں گی۔لاہور قلندرز اپنا پہلا میچ 26 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں حیدرآباد کنگز مین کے خلاف کھیلے گی۔ میڈیا نمائندگان کو کیمپ کی کوریج کے لیے مدعو کیا گیا ہے جبکہ لاہور قلندرز کا میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز ڈیپارٹمنٹ میڈیا کو سہولیات فراہم کرے گا اور روزانہ کی بنیاد پر ویڈیو فوٹیج بھی مہیا کرے گا۔