پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی، دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری،فواد عالم مین آف دی میچ قرار پائے

کراچی۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، جنوبی افریقہ کی طرف سے ملنے والا 88رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 27.5 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے مہمان ٹیم کو میچ میں سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ فواد عالم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی …

کراچی۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، جنوبی افریقہ کی طرف سے ملنے والا 88رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 27.5 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے مہمان ٹیم کو میچ میں سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ فواد عالم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا،سپینر نعمان علی اور یاسر شاہ نے میچ میں 7، 7 وکٹیں حاصل کیں۔نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جمعہ کوپاکستان نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی، قومی ٹیم نے 27.5 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے، فواد عالم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا، فواد عالم نے میچ میں خوبصوت بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 315 منٹ میں 9 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔سپینر نعمان علی اور یاسر شاہ نے میچ میں 7، 7 وکٹیں حاصل کیں،پاکستانی سپین باولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیااور کسی موقع پر بھی پروٹیز کو جم کر کھیلنے نہیں دیا،پاکستانی باولرز نے کھیل کے چوتھے دن کے ابتدائی سیشن میں بہترین فارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے بیٹسمینوں کو مشکلات کا شکار کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 245 رنز پر ڈھیر کردیا۔پاکستان ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 88 رنز درکار تھے، قومی ٹیم کے اوپنرز نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور جب مجموعی اسکور 22 رنز پر پہنچا تو عابد علی 17 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ این رچ نارٹ جی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جس کے فوراً بعدعمران بٹ بھی 30 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بناکر وکٹ کیپر کپتان کوئنٹن ڈی کوک ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔اظہر علی اور کپتان بابراعظم نے مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں بیٹسمینوں نے ملکر اسکور کو 86 رنز تک پہنچایا لیکن بدقسمتی سے اس موقع پر کپتان بابر اعظم 39 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس موقع پر اظہر علی کے ساتھ فواد عالم بیٹنگ کرنے کے لئے آئے اور انہوں نے 4 گیندوں پر ایک بائونڈری لگا کر پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔اظہر علی 47 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 22 رنز، دوسری وکٹ 23 رنز اور تیسری وکٹ 86 رنز پر گری۔ جنوبی افریقہ کے بالر این رچ نارٹ جی نے 7 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ کیشیومہاراج نے1.5 اوورز میں12 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ پروٹیز اپنی دوسری اننگز میں 245رنز بناکر آئوٹ ہوگئے تھےاور انہوں نے پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کھیل کے چوتھے دن حسن علی نے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر گذشتہ روز نائٹ واچ مین کی حیثیت سے بیٹنگ کے لئے آنے والے کیشیومہاراج کو کلین بولڈ کردیا، مہاراج نے 7 گیندوں پر 2 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے سپین باولرز نعمان علی اور یاسرشاہ نے مہمان ٹیم کے کسی بیٹسمین کو بھی جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہیں ٹہر سکے اور چوتھے دن کے 83ویں اوور میںیاسر شاہ کی رف ایریا میں پھینکی جانے والی گیند پر فلک کرنے کی کوشش کی، گیند بیٹ کے اندرونی کنارے کا سہارالیتے ہوئے شارٹ لیگ کے بائیں جانب جارہی تھی جہاں عابد علی نے اپنے کوئیک ریفلیکسز کے ساتھددونوں ہاتھوں سے گیند پر پکڑا اور اس طرح جنوبی افریقہ کی اہم ترین وکٹ گر گئی۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 17 گیندوں پر 2 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کا مجموعی اسکور جب 234 رنز پر پہنچا تو جورج لینڈے نے نعمان علی کی آئوٹ سائیڈآف پر فلائیٹڈ گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن انسائیڈ ایچ لگی اور گیندلیگ سلپ میں موجود عمران بٹ کے ہاتھوں میں چلی گئی، لینڈے 29 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ پروٹیز کا اسکور جب 240 رنز پر پہنچا تو این رچ نارٹ جی بھی کوئی رن بنائے بغیر نعمان علی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جس کے بعدٹیمباباوئوما40 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔لیونگی نگیڈی 3 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے دوسری اننگ میں 245 رنز بنائے اور پاکستان کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ کے بیٹسمینوں نے پاکستانی بالنگ کے سامنے بہت محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک75 اوورز میں 2.49 رنز فی اوور کی اوسط سے 4 وکٹ کے نقصان پر187 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کا مجموعی اسکور جب 48 رنز پر پہنچا تو اوپنر ڈین ایلگر45 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے29 رنز بناکریاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ ڈین ایلگرسوئپ شاٹ کھیلنا چاہتے تھے لیکن باٹم ایج لگنے کی وجہ سے آف سائیڈ سے کافی باہرجاتے ہوئے کیچ کو بہت خوبصورتی سے محمد رضوان نے پکڑا۔ جنوبی افریقہ کے مجموعی اسکور175 رنز پر راسی وینڈر ڈوسن151 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے64 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر سلی مڈ آف پر فیلڈنگ کرنے والے کھلاڑی عابد علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ ایڈن مارک ریم اور راسی وینڈر ڈوسن127 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ فاف ڈپلیسی بھی زیارہ دیر وکٹ پر ٹہر نہیںسکے اور صرف 10 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے فوری بعد ایڈن مارک ریم ایک اچھی اننگرز کھیلنے کے بعد نعمان علی گیند پرعابد علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 224 گیندیں کھیل کر 10چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 48 رنز، دوسری وکٹ175، تیسری وکٹ185 اور چوتھی وکٹ185، پانچویں وکٹ 187، چھٹی192، ساتویں234، آٹھویں238، نویں 240، دسویں اور آخری وکٹ245 رنز پر گری۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 25.3 اوورز میں35 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انہوں 1.37 اکنامیکل ایوریج سے بالنگ کی۔ اسی طرح یاسرشاہ نے بھی33 اوورز میں 79 رنز کے عوض 4 بیٹسمینوں کو پویلین کر راہ دکھائی۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 اور دوسری اننگز میں 90 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 220 اور دوسری اننگز میں 245 رنز بنائے۔

مزید خبریں