پاکستان ون ڈے کپ، سندھ نے فیڈرل ایریاز کو85 رنز سے ہرا دیا، حماد اعظم مرد میدان قرار

راولپنڈی۔ 6 اپریل (اے پی پی) پاکستان ون ڈے کپ میں سندھ نے فیڈرل ایریاز کو با آسانی 85 رنز سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، احسان علی نے 115 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان، حماد اعظم اور عمر امین نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ فیڈرل ایریاز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 43 اوورز میں 300 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، رمیض راجہ 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حماد اعظم نے چار اور عمر گل نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حماد اعظم کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں سندھ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنائے، احسان علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 115 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے 83 ، حماد اعظم نے 78 اور عمر امین نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ فیڈرل ایریاز کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 43 اوورز میں 300 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، رمیض راجہ 70، محمد نواز 55 اور سعود شکیل 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سندھ کی جانب سے حماد اعظم نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار وکٹیں حاصل کیں، کپتان عمر گل نے تین اور نعمان علی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔