پاکستان کرکٹ بورڈ کا پاکستان سپر لیگ 11 کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 11 کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ اب صرف کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ تمام میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے، اس حوالے سے افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ لیگ …

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 11 کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ اب صرف کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ تمام میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے، اس حوالے سے افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ لیگ کا آغاز شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے ہی ہوگا، تاہم موجودہ حالات اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت ایونٹ کو محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خریدے گئے ٹکٹس کی مکمل رقم واپس کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات اور خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیموں کی نقل و حرکت کو کم سے کم رکھا جائے گا اور جلد نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیگ کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور فرنچائزز کو گیٹ منی کی ادائیگی بورڈ خود کرے گا۔محسن نقوی نے مزید بتایا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد آئندہ ایک دو روز میں متوقع ہے، تاہم جب تک حالات مکمل طور پر معمول پر نہیں آ جاتے، اسٹیڈیمز میں شائقین کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اگر صورتحال بہتر ہوئی تو تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔