پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ پرولیگ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے فنڈز جاری کر دءیے

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔

لاہور۔4جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ جاری کردہ رقم میں وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر اعلان کردہ انعامی رقم اور کھلاڑیوں کے ایڈوانس ڈیلی الاونسز شامل ہیں، تاکہ بین الاقوامی ایونٹ سے قبل تمام کھلاڑی مالی طور پر مطمئن اور مستحکم رہ سکیں۔پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار کسی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ پر روانگی سے قبل کھلاڑیوں کے تمام ڈیلی الاونسز مکمل طور پر ادا کر دئیے گئے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کو مالی پریشانیوں سے آزاد کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ کھیل اور کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔وزیرِ اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کے تحت قومی اور جونیئر کھلاڑیوں کے روزانہ الاونس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ہر سینئر اور جونیئر کھلاڑی کو بین الاقوامی دوروں کے دوران روزانہ 110امریکی ڈالر الاونس دیا جائے گا، جبکہ سفر کے دوران رہائش اور طعام کی بہترین سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ یہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں کھلاڑیوں کو دیا جانے والا سب سے زیادہ یومیہ الاونس قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی اقدام حکومتِ پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت قومی کھیل اور کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ اور سازگار ماحول فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ مالی خدشات سے بے نیاز ہو کر میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔فیڈریشن کے مطابق فنڈز اور الاونسز کی ادائیگی کے بعد قومی ہاکی ٹیم مکمل ذہنی سکون، یکسوئی اور عزم کے ساتھ ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے روانہ ہوگی۔

مزید خبریں