پشاور زلمی کا شاندار اقدام،پی ایس ایل کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں زلمی فین بسز کا آغاز
پشاور زلمی کا شاندار اقدام،پی ایس ایل کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں زلمی فین بسز کا آغاز
لاہور۔9اپریل (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز پشاور زلمی نے ایک بار پھر اپنے فینز کے ساتھ مضبوط تعلق کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس ایل 2026کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں زلمی فین بسز کا آغاز کر دیا ہے۔یہ خصوصی بسیں شہر بھر میں گھوم رہی ہیں جہاں فینز اکٹھے ہو کر پی ایس ایل پر گفتگو کرتے ہیں، میچز کو ڈسکس کرتے ہیں اور زلمی کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
ماضی میں بھی پشاور زلمی ہر پی ایس ایل میں پشاور سے راولپنڈی تک فینز اور میڈیا کو لے جانے کا اہتمام کرتی رہی ہے، جو اس فرنچائز کی فینز کے ساتھ وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔پشاور میں پی ایس ایل میچز کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی تھیں تاہم حالات کے باعث میچز کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔ فرنچائز اس فیصلے کا احترام کرتی ہے اور فینز کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ "پشاور زلمی کے فینز ہمیشہ ہماری پہلی اور سب سے اہم ترجیح رہے ہیں۔
ماضی میں بھی ہم اپنے فینز کو راولپنڈی لے جا کر میچز دکھاتے رہے ہیں جو ہمارے مضبوط تعلق کا ثبوت ہے۔اس سال ہماری بھرپور کوشش تھی کہ پشاور میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کو تاریخی اور یادگار بنایا جائے، تاہم حالات کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔اس کے باوجود ہمارے فینز کے ساتھ ہماری کنیکٹیوٹی پہلے کی طرح برقرار ہے، اور زلمی فین بسز کے ذریعے ہم اپنے فینز کے ساتھ مل کر پی ایس ایل کو سیلیبریٹ کر رہے ہیں۔
"زلمی فین بسز نے پورے پشاور میں جوش و خروش کی فضا پیدا کر دی ہے۔ جہاں بھی یہ بسیں نظر آتی ہیں، فینز جمع ہو کر زلمی کے نعرے لگاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فینز میں مفت شرٹس اور کیپس بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔یہ اقدام ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ پشاور زلمی کے دل کی دھڑکن اپنے فینز کے ساتھ دھڑکتی ہے۔









