اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) نے جرمن سفارتخانہ کے اشتراک سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے جرمنی کے تجارتی وفد کیلئے ایک بریفنگ سیشن کا اہتمام کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے پنجاب کے بزنس لیڈرز کے وفد کی قیادت کی جبکہ جرمن وفد کی قیادت بیرون ملک جرمن چیمبرز آف …
پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی طرف سے جرمن کمپنیوں کیلئے بریفنگ سیشن کا اہتمام

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) نے جرمن سفارتخانہ کے اشتراک سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے جرمنی کے تجارتی وفد کیلئے ایک بریفنگ سیشن کا اہتمام کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے پنجاب کے بزنس لیڈرز کے وفد کی قیادت کی جبکہ جرمن وفد کی قیادت بیرون ملک جرمن چیمبرز آف کامرس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اولیور اوہمز نے کی۔
جرمن وفد میں لوفتھانسا ایئرلائن، اے ایچ کے، ایس آئی جی، ایم ای اے، ویڈ مولر مڈل او ر ای ایم ایل ٹی سی ایمرجنگ سولوشنز سمیت متعدد جرمن کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بیرون ملک جرمن چیمبرز آف کامرس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اولیور اوہمز نے کہا کہ جرمن کمپنیاں پاکستان میں کاروباری شراکتیں اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور ان کے دورے کا مقصد پاکستان میں کاروباری ماحول کا جائرزہ لینا اور ایسے شعبوں کو تلاش کرنا ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنیاں پاکستان کی ایوی ایشن صنعت، مواصلات، آٹوموبائل، ڈیری اور سروس سیکٹر میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمن وفد کا پاکستان کا موجودہ دورہ بہت حوصلہ افزا ہے کیونکہ وفد کے اراکین نے کراچی اور اسلام آباد میں پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ کامیاب ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جرمن تجارتی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان پائیدار کاروباری شراکتوں کے قیام میں معاون ثابت ہو گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ مضبوط تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے کیونکہ جرمنی پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی اس سال باہمی تعلقات کے 70 سال منا رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی مشکلات کا باوجود جرمنی کے تجارتی وفد کا پاکستان کا دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ وہ پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات قائم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے وفد کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پائے جانے والے کاروباری مواقعوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی، ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن، ایوی ایشن، فوڈ پروسیسنگ، آٹومو بائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی،ٹیکسٹائل اور لاجسٹکس سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں جرمن کمپنیوں کیلئے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا وہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مل کر جرمن سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صحیح شراکت داروں سے منسلک کرنے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی ٹیم نے اس موقع پر جرمن وفد کے ساتھ پاکستان اور جرمنی کے مابین سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کے امور پر مفید خیالات کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں کے بارے میں وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے انوسٹمنٹ پالیسی کی کلیدی خصوصیات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ موجودہ انوسٹمنٹ پالیسی مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع فراہم کرتی ہے اوراس پالیسی کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے متعدد مراعات فراہم کی گئی ہیں لہذا وہ ان سے فائدہ اٹھائیں۔








