پنجاب سپورٹس بورڈ کی ایچ آر کمیٹی کا اجلاس ، کوچز اور ٹرینرز کی تقرریوں بارے تجاویز پر غور کیا گیا

پنجاب سپورٹس بورڈ کے وائس چیئرمین سلمان ملک کی زیرصدارت بورڈ کی ایچ آر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کوچز اور ٹرینرز کی تقرریوں کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):پنجاب سپورٹس بورڈ کے وائس چیئرمین سلمان ملک کی زیرصدارت بورڈ کی ایچ آر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کوچز اور ٹرینرز کی تقرریوں کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم ، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد ، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سی ای او ادریس حیدر خواجہ اور سیکرٹری محمد وقار سمیت بورڈ کے ٹرینرز نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین نے کہا کہ بہترین کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے کوچز کی اہلیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب میں بہترین کوچز اور ٹرینرز موجود ہیں جو کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کا بنیادی مقصد صوبے میں کھیلوں کا فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے جس کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔