پی این آر اے اور رورا کے درمیان جوہری تحفظ اور تابکاری سے تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
پی این آر اے اور رورا کے درمیان جوہری تحفظ اور تابکاری سے تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) اور روانڈا یوٹیلٹیز ریگولیٹری اتھارٹی (رورا) کے درمیان جوہری تحفظ اور تابکاری سے تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے ریگولیٹری اداروں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ پی این آر اے کے مطابق رورا کا ایک وفد جس کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کلاڈ نکوسی نے کی، یکم سے 3 جون 2026 تک پی این آر اے ہیڈکوارٹرز کے دورے پر پاکستان میں موجود رہا۔
دورے کے دوران دونوں اداروں کے حکام کے درمیان جوہری اور تابکاری تحفظ، ریگولیٹری ڈھانچے کی ترقی، استعداد کار میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پی این آر اے اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کی تجربہ گاہوں اور دیگر سہولیات کا بھی دورہ کیا۔ ’’جوہری تحفظ اور تابکاری سے تحفظ کے شعبے میں ریگولیٹری تعاون اور معلومات کے تبادلے‘‘ کے عنوان سے مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ اور رورا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کلاڈ نکوسی نے دستخط کئے۔
تقریب میں اسلام آباد میں تعینات روانڈا کے ہائی کمشنر اور پی این آر اے کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ ایم او یو کے تحت دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون، معلومات کے تبادلے اور استعداد کار بڑھانے کے لئے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ فریقین نے مفاہمت کی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد اور مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پی این آر اے نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مؤثر ریگولیشن، بین الاقوامی تعاون اور مسلسل استعداد کار میں اضافے کے ذریعے جوہری تحفظ اور تابکاری سے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ادارے کے مطابق رورا کے ساتھ طے پانے والا یہ معاہدہ دونوں ریگولیٹری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








