پی ایچ ایف،غیر ملکی گول کیپنگ کوچ15 گول کیپرز کو جدید تکنیکوں کی تربیت دیں گے

پی ایچ ایف،غیر ملکی گول کیپنگ کوچ15 گول کیپرز کو جدید تکنیکوں کی تربیت دیں گے

لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں ملک میں ہاکی کے فروغ اور گول کیپنگ کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لئے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔پاکستان میں پہلی بار غیر ملکی کوچ باب ویلڈوف کی زیر نگرانی خصوصی غیر ملکی گول کیپنگ کوچ جونیئر اور سینئر ٹیموں کے منتخب15 گول کیپرز کو جدید تکنیکوں کی تربیت دیں گے۔سات روزہ تربیتی کیمپ میں روزانہ صبح اور شام کے سیشنز منعقد کیے جائیں گے،جن کے دوران گول کیپرز کی کارکردگی اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

تربیت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید گول کیپنگ سکلز،تکنیکی مہارتوں،جسمانی فٹنس اور ذہنی اعتماد میں اضافے کے لئے خصوصی مشقیں شامل ہوں گی۔کیمپ میں قومی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے15 منتخب گول کیپرز کو مدعو کیا گیا ہے،جنہیں جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق اس تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا اور قومی ٹیم کی دفاعی لائن کو مزید مضبوط بنانا ہے۔اس اقدام کے ذریعے گول کیپرز کو جدید ہاکی کے چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لئے تیار کیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔