پی ٹی اے کی جانب سے فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے معیار کا جائزہ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف بڑے شہروں میں فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے معیار (کوالٹی آف سروس) کا جائزہ لینے کے لیے نیٹ ورک اور صارفین کی سطح پر سروے کیے

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف بڑے شہروں میں فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے معیار (کوالٹی آف سروس) کا جائزہ لینے کے لیے نیٹ ورک اور صارفین کی سطح پر سروے کیے۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ان سرویز کا مقصد براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والے اداروں (بی ایس پیز) کی کارکردگی کو مقررہ معیارات کی روشنی میں جانچنا اور صارفین کو فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سروسز کے معیار کا جائزہ لینا تھا۔نیٹ ورک کی سطح پر کیے گئے سرویز میں نیٹ ورک کی دستیابی، جٹر (Jitter)، نیٹ ورک لیٹنسی (Latency)، بینڈوتھ کے استعمال اور ڈیٹا کی ترسیل کی رفتار سمیت کارکردگی کے اہم اشاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ صارفین کی سطح پر کیے گئے

سرویز میں براڈ بینڈ سروسز کی عملی کارکردگی اور صارفین کو فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔سروے کے نتائج کی روشنی میں براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے مقررہ معیارات کی پاسداری کا جائزہ لیا گیا اور ان شعبوں کی نشاندہی کی گئی جہاں خدمات کے معیار میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ جن مقامات پر کارکردگی میں خامیاں سامنے آئیں، وہاں متعلقہ آپریٹرز کو ان کے تدارک اور سروسز کے معیار میں بہتری کے لیے ضروری اصلاحی اقدامات کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔ پی ٹی اے ملک بھر میں فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے معیار میں مسلسل بہتری اور صارفین کو بہتر اور قابل اعتماد انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران کیے گئے سرویز کے تفصیلی نتائج عوام کی آگاہی کے لیے پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

 

مزید خبریں