چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی ماریشس کے ہائی کمشنر سے ملاقات

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان میں ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کریمباکس سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان میں ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کریمباکس سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ماریشس کے درمیان تحقیقی تعاون، جامعات اور صنعت کے مابین روابط کے استحکام، طلبہ و اساتذہ کی تعلیمی نقل و حرکت (اکیڈمک موبلٹی) اور نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافہ اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے سے متعلق مختلف اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔

ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس موقع پر کہا کہ اعلیٰ تعلیم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے ذریعے مشترکہ ترقی اور علمی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کریمباکس نے بھی تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، مہارتوں کی ترقی اور نوجوانوں کی استعداد بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔