چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی برونائی دارالسلام کے سرکاری دورے کے دوران اہم ملاقاتیں

راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی دارالسلام کے سرکاری دورے کے دوران سلطان حاجی حسن البلقیہ معیز الدین ولدولہ اور وزیر دفاع دوم سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے وزیراعظم آفس کے منسٹر اور وزیر دفاع دوم میجر جنرل (ر) یانگ برہورمت …

راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی دارالسلام کے سرکاری دورے کے دوران سلطان حاجی حسن البلقیہ معیز الدین ولدولہ اور وزیر دفاع دوم سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے وزیراعظم آفس کے منسٹر اور وزیر دفاع دوم میجر جنرل (ر) یانگ برہورمت پیہن داتو لیلاراجا اور کمانڈر رائل برونائی آرمڈ فورسز میجر جنرل داتو پدوکا سری حاجی محمد ہزائمی بن بول حسن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس نے مُوآرا نیول بیس پر موجود کے ڈی بی دارالامان اور ڈیفنس اکیڈمی رائل برونائی آرمڈ فورسز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ’علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات‘ کے موضوع پر خطاب کیا اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس کے شرکا سے تبادلہ خیال کیا۔ شرکا میں 19 ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔

ان ملاقاتوں میں عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ جنرل ساحر شمشاد نے برونائی دارالسلام کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے برونائی دارالسلام کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

سلطان معظم اور برونائی دارالسلام کی سول و عسکری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، کارناموں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کورائل برونائی آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹر پہنچنے پرچاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔