لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے قومی ہاکی ٹیم کو آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔
چیئرمین پی سی بی سے قومی ہاکی ٹیم کی ملاقات ، محسن نقوی نے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی

مزید خبریں
لاہور۔11مارچ (اے پی پی):لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے قومی ہاکی ٹیم کو آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔محسن نقوی نے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جو ہاکی کھلاڑی ملازمت نہیں رکھتے انہیں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کا علاج پاکستان کرکٹ بورڈ کرائے گا اور فٹنس و میڈیکل کے حوالے سے بھی ہاکی کھلاڑیوں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی پہلے کی طرح آئندہ بھی ہاکی کھلاڑیوں سے تعاون جاری اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
محسن نقوی نے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھرپور تعاون پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ آپ کی سپورٹ نے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے اور مشکل وقت میں کھلاڑیوں کی مدد کرنے پر وہ شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔








