چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (بی یو ایم ایچ ایس )، کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، یونیورسٹی کے سینئر انتظامی افسران، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے کیا۔
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کابولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کا دورہ
کوئٹہ۔ 05 جون (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (بی یو ایم ایچ ایس )، کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، یونیورسٹی کے سینئر انتظامی افسران، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے کیا۔دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے چیئرمین ایچ ای سی کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی حالیہ کامیابیوں، جاری منصوبوں، تحقیقی اقدامات، فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز اور میڈیکل و ہیلتھ سائنسز کی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بولان یونیورسٹی قومی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے یونیورسٹی کی نمایاں پیش رفت اور ادارہ جاتی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز بلوچستان میں طبی تعلیم، تحقیق اور افرادی قوت کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی کی قیادت اور وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے محدود وسائل کے باوجود قابلِ قدر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک بھر کی جامعات میں معیاری تعلیم، تحقیق، جدت طرازی، ڈیجیٹلائزیشن اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کا اعلی تعلیمی نظام عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔
اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان، پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی، پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، پرائیویٹ سیکریٹری ایچ ای سی ریجنل آفس کوئٹہ نور اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر (انچارج) ایچ ای سی ریجنل آفس کوئٹہ احسان حمید سمیت مختلف جامعات اور اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دورے کے دوران اعلی تعلیم کے فروغ، تحقیقی تعاون، ادارہ جاتی استحکام اور بلوچستان میں تعلیمی مواقع کو مزید وسعت دینے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے چیئرمین ایچ ای سی اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے یونیورسٹی مزید ترقی کی منازل طے کرے گی اور صوبے میں طبی تعلیم و تحقیق کے فروغ میں اپنا قائدانہ کردار جاری رکھے گی۔









