چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر انصاف کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔وفد میں جمہوریہ آذربائیجان کی وزارت انصاف کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی تعاون عادل ابیلوف اور اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیر احمدعلی شامل تھے۔

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔وفد میں جمہوریہ آذربائیجان کی وزارت انصاف کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی تعاون عادل ابیلوف اور اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیر احمدعلی شامل تھے۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی ملاقات کے دوران وفد کے ہمراہ موجود تھے۔

ملاقات میں عدالتی تعاون، قانون کی حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور انصاف کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے عدالتی تربیت، عدالتوں کی ڈیجیٹلائزیشن، متبادل تنازعہ حل (اے ڈی آر) کے نظام اور عدالتی انتظامیہ میں بہترین بین الاقوامی طریقہ کار کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک میں جاری عدالتی اصلاحات سے وفد کو آگاہ کیا اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، عدالتی استعداد کار میں اضافے اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وفد کے سربراہ فرید احمدوف نے قانون کی حکمرانی کے فروغ میں پاکستان کی عدلیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے عدالتی تعاون، قانونی تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ملاقات کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا اور دونوں ممالک نے قانون و انصاف کے شعبے میں ادارہ جاتی روابط، تبادلہ پروگرامز اور شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔