چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سنگاپور انٹرنیشنل میڈی ایشن سینٹر کے وفد کی ملاقات

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سنگاپور انٹرنیشنل میڈی ایشن سینٹر (ایس آئی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوان وی مینگ کی سربراہی میں ایک وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سنگاپور انٹرنیشنل میڈی ایشن سینٹر (ایس آئی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوان وی مینگ کی سربراہی میں ایک وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ وفد پاکستان میں وفاقی جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کے زیر اہتمام ججوں کے لیے منعقدہ ایکریڈیٹڈ میڈی ایشن سکلز ورکشاپ اور اسیسمنٹ پروگرام میں شرکت کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں سپریم کورٹ کے جج اور وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز کے مشیر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) کے نظام کے فروغ اور استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس نے تنازعات کے حل کے لیے ثالثی (میڈی ایشن) کو موثر، بروقت اور کم لاگت طریقہ قرار دیتے ہوئے عدالتی نظام میں اے ڈی آر کے فروغ کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔چیف جسٹس نے ادارہ جاتی استعداد بڑھانے، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور معاشرے میں ثالثی کی ثقافت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کو موثر اور آسان انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اس موقع پر عدالتی تربیت اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ثالثی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور مقدمات کے بوجھ میں کمی کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔سنگاپور انٹرنیشنل میڈی ایشن سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوان وی مینگ نے ثالثی کے فروغ اور متبادل تنازعاتی حل کے ادارہ جاتی نظام کے قیام میں اپنے ادارے کے تجربات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میں ثالثی کے مضبوط فریم ورک کی تشکیل کے لیے استعداد کار میں اضافے اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے تبادلے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں ثالثی کی تربیت، ایکریڈیٹیشن، پیشہ ورانہ ترقی اور ادارہ جاتی استحکام کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کاوشیں پاکستان میں ثالثی اور متبادل تنازعاتی حل کے نظام کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے ثالثی کو تنازعات کے حل کے ایک موثر، قابل رسائی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ طریقہ کار کے طور پر فروغ دینے اور پاکستان و سنگاپور کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔