چیچہ وطنی،کمشنر گولڈ کپ پنجاب انٹر ڈویژن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے حوالے سے بریفنگ کا انعقاد
چیچہ وطنی،کمشنر گولڈ کپ پنجاب انٹر ڈویژن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے حوالے سے بریفنگ کا انعقاد
چیچہ وطنی۔ 12 اپریل (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی ہدایت پر ساہیوال جمنیزیم میں کمشنر گولڈ کپ پنجاب انٹر ڈویژن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا ہے ، 2روزہ چیمپئن شپ میں صوبہ کے مختلف ڈویژنز کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔اس سلسلے میں ساہیوال جمنیزیم میں ایک خصوصی میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے اس موقع پر کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی مثبت سرگرمیوں کا اہم ذریعہ ہیں اور صحت مند معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیلتے رہیں اور کھیلوں کے میدان آباد کریں حکومت پنجاب کا واضح ویژن ہے، جس کے تحت صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ساہیوال جمنیزیم میں تائیکوانڈو کے ان مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔
میڈیا کانفرنس میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران سمیت متعلقہ افسران اور منتظمین بھی موجود تھے، جنہوں نے ایونٹ کے انتظامات پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مقابلے کھیلوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔









