ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور عوامی سہولیات سے متعلق اجلاس

ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے محرم الحرام کے مقدس ایام کو پُرامن، منظم اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ گزارنے کے لیے لائسنس داران، بانیان مجالس کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی

بہاولپور۔ 04 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے محرم الحرام کے مقدس ایام کو پُرامن، منظم اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ گزارنے کے لیے لائسنس داران، بانیان مجالس کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی ،

جس میں محرم الحرام کے دوران درپیش مسائل، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے شرکاء کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو بغور سنا اور ان کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، تحصیل بھر کے بانیانِ مجالس اور لائسنس داران نے شرکت کی جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں حصہ لیا۔ شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے اس موقع پر کہا کہ عزاداری دراصل اسی عظیم قربانی کی یاد کو زندہ رکھنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؓ کے فرائض میں سب سے اہم فرض عزاداری کے تقدس، نظم و ضبط اور روایات کا تحفظ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر عزادار کو چاہیے کہ وہ مجالس اور جلوسوں میں نظم و نسق کا خاص خیال رکھے، مذہبی روایات کا احترام کرے اور باہمی اتحاد و اخوت کو فروغ دے۔ اجلاس میں لائسنس داران، بانیان مجالس نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ عزاداری کے اصولوں، روایات اور تشخص پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ عزاداروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے پُرامن، منظم اور باوقار انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؓ کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام مجالس اور جلوس مذہبی روایات، نظم و ضبط اور باہمی احترام کے ساتھ منعقد کیے جائیں تاکہ محرم الحرام کے مقدس ایام امن، برداشت اور بھائی چارے کی بہترین مثال بن سکیں۔

مزید خبریں