"سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ ذاتی حملوں کے بجائے کارکردگی، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔” — اختیار ولی خان
کارکردگی پر مبنی سیاست ہی جمہوریت کو مضبوط بنا سکتی ہے، اختیار ولی خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و امورخیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ ذاتی حملوں کے بجائے کارکردگی، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
اتوار کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ان کی جماعت میثاقِ جمہوریت سے اپنی وابستگی پر قائم ہے اور سیاسی مباحث میں ذاتیات کے بجائے عوامی فلاح اور حکومتی کارکردگی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی کامیابی کا معیار یہ ہونا چاہیے کہ وہ کتنے روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا عملی اقدامات کرتی ہیں۔اختیار ولی خان نے توانا سیاسی ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ایسا طرزِ عمل جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بسوں کی فراہمی کا مطالبہ انتخابی شیڈول کے اعلان سے پہلے کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹر اتنا کمزور نہیں کہ صرف بسوں کی فراہمی کی بنیاد پر اپنا سیاسی فیصلہ تبدیل کر لے۔








