اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں فیکلٹی ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن کے لیے 40واں سلیکشن بورڈ یونیورسٹی کے تیار کردہ سافٹ ویئر SmartSelect@CUI کے ذریعے کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ سلیکشن بورڈ کی صدارت ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کی۔ بورڈ کے دوران آفیسر گریڈ سکیل پر 780 فیکلٹی ممبران کی اعلیٰ گریڈ میں تقرری اور ترقی کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جبکہ ٹینیور ٹریک …
کامسیٹس یونیورسٹی میں SmartSelect@CUI کے ذریعے 40واں سلیکشن بورڈ مکمل، 992 فیکلٹی کیسز کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں فیکلٹی ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن کے لیے 40واں سلیکشن بورڈ یونیورسٹی کے تیار کردہ سافٹ ویئر SmartSelect@CUI کے ذریعے کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ سلیکشن بورڈ کی صدارت ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کی۔ بورڈ کے دوران آفیسر گریڈ سکیل پر 780 فیکلٹی ممبران کی اعلیٰ گریڈ میں تقرری اور ترقی کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جبکہ ٹینیور ٹریک سسٹم (ٹی ٹی ایس) کے تحت 212 فیکلٹی ممبران کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق 16 روز پر محیط یہ سلیکشن بورڈ پہلی مرتبہ مکمل طور پر الیکٹرانک انداز میں منعقد کیا گیا۔ اس مقصد کے لئے یونیورسٹی کی سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ ٹیم نے چار ہفتوں کے اندر SmartSelect@CUI تیار کیا جس کے ذریعے کیسز کی ڈیجیٹل پروسیسنگ، دستاویزات کی محفوظ دیکھ بھال اور فیصلہ سازی کے عمل کو مؤثر اور منظم بنایا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سافٹ ویئر فیکلٹی کی جانچ پڑتال کے لئے محفوظ اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس میں امیدواروں کی تعلیمی قابلیت اور پیشہ وارانہ کارکردگی کی بنیاد پر خودکار اور غیر جانبدارانہ سفارشات مرتب کی جاتی ہیں تاکہ شفافیت اور میرٹ کو مزید تقویت دی جا سکے۔ یونیورسٹی کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکمت عملی کے تحت اس نظام کو مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی خصوصیات شامل کی جائیں گی تاکہ تجزیاتی جانچ کو بہتر بنایا جا سکے اور مستقبل میں شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ دیا جا سکے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی میں اس سے قبل سلیکشن بورڈ کا انعقاد اگست 2024 میں ہوا تھا جس کے بعد فیکلٹی کی تقرریوں اور ترقیوں کا عمل تعطل کا شکار تھا۔
موجودہ انتظامیہ نے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے متعلقہ فورمز کو فعال بنایا اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام متعارف کرایا۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق نان فیکلٹی آفیسرز کے لئے سلیکشن بورڈ آئندہ ہفتے تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔








