ابھرتی ہوئی کرکٹر ماہم انیس ویمنز کرکٹ میں تیزی سے اپنی پہچان بنانے میں مصروف ہیں اور اپنی کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
کرکٹر ماہم انیس اپنی بہترین کارکردگی سے سب کی توجہ کا مرکز
لاہور۔5اپریل (اے پی پی):ابھرتی ہوئی کرکٹر ماہم انیس ویمنز کرکٹ میں تیزی سے اپنی پہچان بنانے میں مصروف ہیں اور اپنی کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ ان دنوں لاہور میں جاری نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ میں وہ انوِنسبلز کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 میچز میں131 رنز بنا چکی ہیں۔ ماہم انیس کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ اسکول کے دنوں میں اسپورٹس کلاس میں کرکٹ کھیلا کرتی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے باقاعدہ اکیڈمی جوائن کی جس کے بعد سے کرکٹ کو سنجیدگی سے اپنایا۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ ان کی اصل طاقت ہے اور وہ خاص طور پر پاور ہٹنگ پر بھرپور محنت کر رہی ہیں۔
ماہم کے مطابق ابتدا میں وہ بیٹنگ کے دوران وقت لیتی تھیں، تاہم اب وہ نڈر انداز اپناتے ہوئے بولرز پر حاوی ہونے کی کوشش کرتی ہیں۔ماہم انیس نے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹنگ میں بہتری کے لیے ڈاٹ بالز کم کرنے اور اسٹرائیک روٹیشن بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے انڈر19 ورلڈ کپ میں شرکت کو ایک منفرد تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل پچز پر کھیلنا چیلنجنگ تھا، تاہم ایک میچ میں وہ ٹیم کی ٹاپ اسکورر رہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا خواب پاکستان کی نمائندگی کرنا اور ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کے لیے میچ وننگ پرفارمنس ان کی اولین ترجیح ہے۔









