کرہ ارض کے تحفظ اور موسمیاتی بحران کے مقابلے کےلئے اجتماعی کوششوں کو مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے، سینیٹر محمد اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے موسمیاتی بحران کے مقابلے کےلئے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر کرہ ارض کے تحفظ اور موسمیاتی بحران کے موثر مقابلے کےلئے اجتماعی اقدامات مضبوط بنانے کےلئے پر عزم ہے

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے موسمیاتی بحران کے مقابلے کےلئے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر کرہ ارض کے تحفظ اور موسمیاتی بحران کے موثر مقابلے کےلئے اجتماعی اقدامات مضبوط بنانے کےلئے پر عزم ہے۔ جمعے کو دفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اس کے باوجود مسلسل آنے والے سیلابوں، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، خشک سالی، شدید گرمی اور پانی کے بڑھتے ہوئے دبائو جیسے چیلنجز کے مقابلے میں ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرہ ارض کے تحفظ اور موسمیاتی بحران کے مقابلے کےلئے اجتماعی کوششوں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع میں کمی اور ماحولیاتی تنزلی جیسے باہم جڑے ہوئے عالمی مسائل سے نمٹنے کےلئے بین الاقوامی تعاون کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہے، اس ضمن میں ”مشترکہ مگر مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں“ کے اصول کو پیشِ نظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر حکومتِ پاکستان ماحولیاتی تحفظ کو اپنی پالیسی ترجیحات کا مرکزی جزو بنانے کے لیے پر عزم ہے، اس ضمن میں ایک اہم سنگِ میل صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کے حق کو ہر شہری کا بنیادی آئینی حق تسلیم کرنا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رہائشی منصوبوں، صاف توانائی کی جانب تیز تر منتقلی اور ماحول دوست و پائیدار تعمیراتی طریقوں کے فروغ کےلئے بھی عملی اقدامات کر رہا ہے، تاہم موسمیاتی بحران کی سنگینی اس امر کی متقاضی ہے کہ عالمی برادری مشترکہ اور موثر اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اس موقع پر آذربائیجان کی حکومت کا عالمی یومِ ماحولیات 2026 کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے بین الاقوامی تعاون اور تعمیری مکالمے کے فروغ میں آذربائیجان کی قائدانہ کاوشوں کو سرا ہتا ہے