گلیات، طوفانی بارش سے دو مکانات کی چھتیں منہدم ہونے سے گھریلو سامان تباہ

"گلیات میں طوفانی بارش کے باعث یونین کونسل تاجوال کے محلہ بانڈی میں دو رہائشی مکانات کی چھتیں گر گئیں، جس سے گھروں کا تمام گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔”

ایبٹ آباد۔ 26 جولائی (اے پی پی):گلیات میں حالیہ طوفانی بارش کے دوران میں یونین کونسل تاجوال کے محلہ بانڈی میں دو رہائشی مکانات کی چھتیں گر گئیں، گھروں میں موجود تمام گھریلو سامان بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

متاثرہ افراد میں محمد شکیل اعوان اور مرحوم عبدالجلیل کے خاندان شامل ہیں۔حادثہ کے بعد متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بارش کے باعث مکانات کی چھتیں اچانک منہدم ہوئیں، جس سے گھروں میں موجود قیمتی سامان بھی ملبہ کے نیچے دب کر ضائع ہو گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متاثرہ خاندانوں اور اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ، منتخب اراکینِ اسمبلی اور مخیر حضرات سے فوری مالی امداد کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھروں کا بندوبست کر سکیں اور معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔