"وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ ہر قوم کی کامیابی بڑی حد تک مسلسل اور منظم تبدیلی کو اپنانے کی صلاحیت پر منحصر ہے۔”
ہر قوم کی کامیابی کا انحصار مسلسل اور منظم تبدیلی کو اپنانے کی صلاحیت پر ہے، سیف الرحمن

مزید خبریں
لاہور۔16اگست (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ ہر قوم کی کامیابی کا انحصار بڑی حد تک مسلسل اور منظم تبدیلی کو اپنانے کی صلاحیت پر ہے۔
اتوار کو یہاں انہوں نے سٹیٹ آف فلکس کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت، ٹیکنالوجی اور سماجی حالات مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں اس لیے قوموں اور اداروں کو وقت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے آپ کو نہ بدلے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺنے بھی اپنے دور میں معاشرے میں متعدد اصلاحات متعارف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی قانونِ فطرت ہے اور ترقی حالات کے مطابق ڈھلنے اور بقا کے لیے ناگزیر ہے۔ دنیا کی کامیاب کمپنیاں بھی مسلسل تبدیلی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی وجہ سے کئی دہائیوں تک کامیاب رہتی ہیں۔








