3 محرم الحرام، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے، عبد الکریم
3 محرم الحرام، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے، عبد الکریم

مزید خبریں
لاہور۔19جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر 3محرم الحرام اور جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ صوبہ بھر میں 148 عزاداری جلوس اور 3843مجالس منعقد ہوئیں۔
لاہور میں 3محرم الحرام کی مناسبت سے 10عزاداری جلوس برآمد ہوئے ہیں اور 411مجالس منعقد ہوئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 17ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار معاونت فراہم کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔
طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ لاوڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور ہمہ وقت رابطے میں رہ کر سکیورٹی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔








