وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے 60 سے 70 لاکھ خاندان صحت پروگرام سے مستفید ہوں گے، اب کسی غریب کو اپنے علاج کےلئے گھر کے برتن نہیں بیچنا پڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ …

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے 60 سے 70 لاکھ خاندان صحت پروگرام سے مستفید ہوں گے، اب کسی غریب کو اپنے علاج کےلئے گھر کے برتن نہیں بیچنا پڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر عامر محمود کیانی کی موجودگی میں مشترکہ انتظامات فارمولے کے تحت حکومت پنجاب کے ساتھ معاہدہ پر دستخط ہوئے۔ یہ معاہدہ پنجاب کے تمام اضلاع میں نافذالعمل ہو گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات اور غریب خاندانوں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولیات مفت میسر آئیں گی، ایک اندازے کے مطابق صرف پنجاب میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے 60 لاکھ خاندان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غرےب افراد کےلئے علاج معالجہ مشکل ہوتا ہے، اب کسی غریب کو اپنے علاج کےلئے اپنے گھر کے برتن نہیں بیچنا پڑیں گے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پاکستان کی تاریخ میں صحت عامہ کا سب سے بڑا انقلابی پروگرام ہے، صحت انصاف کارڈ کا پیکیج 7 لاکھ 20 ہزار روپے کر دیا ہے، اس سے پہلے کسی حکومت نے صحت کےلئے اتنا بڑا پےکیج نہیں دےا، اس سکیم کے تحت غریب خاندان سرکاری خرچے پر پینل پر موجود پبلک اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں بڑی بیماریوں کا علاج کرا سکیں گے اور صحت کارڈ سکیم میں دل کے آپریشنز، سٹنٹس ڈالوانا، کیمو تھراپی، ریڈیوتھراپی، ڈائیلائسز، میٹرنٹی اور دیگر میڈیکل و سرجیکل سروسز شامل ہیں۔