وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ٹی وی نیوز چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف ملک سے بھاگ گئے ہیں اور ان کے دوسرے بھائی نواز شریف ملک سے راہ فرار اختیار کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے آج وزیراعظم عمران خان کے بیانیے پر عمل کر کے اپنی قیادت کو بدلا، کرپشن اور جمہوریت …

اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف ملک سے بھاگ گئے ہیں اور ان کے دوسرے بھائی نواز شریف ملک سے راہ فرار اختیار کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے آج وزیراعظم عمران خان کے بیانیے پر عمل کر کے اپنی قیادت کو بدلا، کرپشن اور جمہوریت اکٹھی نہیں چل سکتیں، عوام وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور انہیں ملک کا مقبول ترین لیڈر سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ بیانیہ ہے جس کا پاکستان تحریک انصاف کی قیادت بار بار عوام کے ساتھ تبادلہ کر رہی تھی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے قول و فعل میں واضح تضاد موجود ہے جو آخرکار نظر بھی آئے گا، ابھی ان کے قول و فعل کا تضاد اور بھی واضح ہو گیا ہے کیونکہ یہ لوگ یہاں اپنی بیماری کے علاج کا کہہ کر بیرون ملک گئے لیکن وہاں لندن کی گلیوں میں (ن) لیگ کی قیادت کو کھیل کود کرتے اور خوشیاں مناتے دیکھا جا سکتا ہے لیکن جونہی انہیں احتساب کی عدالت سے کوئی کال، بلاوا یا کوئی نوٹس آتا ہے تو اسی وقت بیماری انہیں گھیر لیتی ہے اور ان کی بیماری کی داستانیں سامنے آ جاتی ہیں، یہ تمام چیزیں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ اپوزیشن جو حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی تیاریوں میں تھی وہ خود انتشار کا شکار ہو چکی ہے اور اپنی کرپشن سے اکٹھی کی گئی دولت کو بچانے کے لیے کسی نہ کسی بیماری کا بہانہ تلاش کر کے اپنی فیس سیونگ میں مصروف تھے اور بالآخر ایک بھائی ملک سے فرا ہو چکے ہیں اور دوسرے بھائی راہ فرار اختیار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، یہ تمام چیزیں یہ واضح کر رہی ہیں کہ آخرکار یہ تمام کرپٹ لوگ احتساب کے شکنجے سے ڈرتے ہوئے اور نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دینے کے بجائے کوئی نہ کوئی حیلہ، بہانہ یا طریقہ واردات ڈھونڈتے رہتے ہیں جس سے اپوزیشن کی صفوں میں انتشار اور تذبذب ہے اور انہیں یہ خود نہیں معلوم کہ وہ کرنا کیا چاہتے ہیںجواس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوام اورحکومت عوامی، قومی اور ملکی مفاد میں بالکل اکٹھے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں انہیں ملک کا مقبول ترین لیڈر سمجھتے ہیں، چاہے فاٹا کے عوام ہوں یا دیگر قبائلی علاقہ جات کے عوام جہاں ملک کی قیادت جانا گوارہ نہیں کرتی تھی لیکن وزیراعظم پاکستان عمران خان آج وہاں بھی جا رہے ہیں اور وہاں پھولوں اور کلیوں کی مہک بکھیر رہے ہیں اور عوام کے حقوق کی بات کی جا رہی ہے جو قیادت کے وژن کا کمال ہے جس کے تحت عام لوگوں کو ان کے حقوق دئیے جانے کی بات ہو رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان بذات خود ان امور کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ قیادت کے وژن ہی کا کمال ہے کہ وہ علاقے جنہیں نوگوایریاز کہا جاتا تھا اور جہاں ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا جاتا تھا، جہاں عوام اور عوامی مفادات کے راستے میں دہشت گردی آڑے آ رہی تھی وہاں آج پاک افواج کے جوانوں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ان علاقوں کو دہشت گردی سے پاک کیا اور عوام کو ایک بہترین اور سازگار ماحول فراہم کیا ہے جہاں جا کر وزیراعظم پاکستان عمران خان عوام کو سینے سے لگا رہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کی بات کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پبلک اکائونٹ کمیٹی کا چیرمین بنوانے کے لیے اپوزیشن نے کیا کچھ نہیں کیا، یہاں تک کہ پارلیمان کی کارروائی کو بھی یرغمال بنائے رکھا اور کسی قسم کی قانون سازی نہ ہونے دی اور پارلیمانی کمیٹیاں تک نہ بننے دیں اور یہ کہتے رہے کہ شہباز شریف کے بغیر جمہوریت کا وجود خطرے میں ہے، شہباز شریف کے بغیر پارلیمان کا استحقاق مجروح ہو گا، شہباز شریف ہی ہمیں ہر حال میں اپوزیشن لیڈر چاہیئں، پارلیمانی لیڈر چاہیئں، پی اے سی کے چیرمین چاہیئں، اپوزیشن کی یہ ضد، ہٹ دھرمی اور انا آج دم توڑ گئی اور وقت نے یہ ثابت کر دیا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا موقف بالکل درست تھا اور عوامی اور ملکی مفاد میں تھا جو جمہوریت کی ساکھ کو بچانا چاہتے تھے کہ نیب زدہ لوگ پاکستانی عوام کے ٹیکس کے پیسے کا محافظ نہ بنیں چاہے وہ پبلک اکائونٹ کمیٹی ہو یا پارلیمانی لیڈر ہو، آج پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان کے اسی بیانے کو قبول کیا اور اپنی قیادت کو تبدیل کیا جو وہ گزشتہ سات ماہ سے عوام کو دے رہے تھے، آخر کار (ن) لیگ کو ایک ایک کر کے اپنے ان تمام عہدیداروں کو بدلنا ہے کیونکہ (ن) لیگ کو اب اپنی سوچ کو بھی بدلنا ہے کیونکہ کرپشن، پاکستان اور جمہوریت اب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سمیت تمام کرپٹ عناصر کے چہروں سے نقاب اتر رہے ہیں اور ان لوگوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ رہا ہے جس سے یقیناً عوام کو گمراہ کرنے والے، پراپیگنڈہ کرنے والے اور عوام کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے والے ٹولا اب عوام کی عدالت کے سامنے لاوارث ہو چکا ہے۔

مزید خبریں

Leave a Reply