اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک میں پائے جانے والے دوستانہ تعلقات کو بامعنی شراکت داری اور دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کوفروغ دے …
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی باکو میں پاکستان کے سفارت خانے کے دورہ کے موقع پر گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک میں پائے جانے والے دوستانہ تعلقات کو بامعنی شراکت داری اور دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کوفروغ دے کر مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ آذربائیجان باکو سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری جوان دنوں آذربائیجان کے دارالحکومت باکومیں منعقد ہونے والے ورلڈ فورم آن انٹلیکوچول ڈائیلاگ (Dialogue interculturalonon on Forum World ) میں شرکت کے لئے آذربائیجان کے دورے پر ہیں نے جمعہ کے روز باکو میں پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور آذربائیجان میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سعید خان مہمند سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر ان قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، ڈاکٹر رمیش کماراور آذربائیجان میں پاکستان کے دفاعی اتاشی کرنل ندیم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات کومستحکم بنانے کیلئے ڈاکٹر سعید خان مہمند کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ باکو میں موجود پاکستانی سفارت خانہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک میں پائے جانے والے مواقع سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے پاکستانی سفارت خانے کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سفارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آذربائیجان میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سعید خان مہمند نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آذربائیجان میں پاکستانی سفارت خانے کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین رابطوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر کو دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے سفارت خانے میں رکھی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔ بعدازاں آذربائیجان میں تعنیا ت پاکستانی سفیر ڈاکٹر سعید خان مہمند نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو شیلڈبھی پیش کی۔







