وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون سے داسو ہائیڈرو پاورکی اراضی کے نرخ کا معاملہ طے پاگیا، پراجیکٹ پر تعمیراتی کام میں تیزی آ رہی ہے، توقع ہے 2024ء میں پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون کے باعث پراجیکٹ کےلئے درکار اراضی کے نرخ کا معاملہ طے پانے کے بعد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تعمیراتی کام میں تیزی آ رہی ہے، پراجیکٹ تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے، توقع ہے کہ سال 2024ءکی چوتھی سہ ماہی میں پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی جبکہ منصوبے کے پہلے …

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون کے باعث پراجیکٹ کےلئے درکار اراضی کے نرخ کا معاملہ طے پانے کے بعد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تعمیراتی کام میں تیزی آ رہی ہے، پراجیکٹ تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے، توقع ہے کہ سال 2024ءکی چوتھی سہ ماہی میں پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی جبکہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے تمام 6 یونٹ جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہے، 2025ءکے اوائل میں مکمل ہو جائیں گے۔ یہ بات چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کہی۔ جنرل منیجر (لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ)، جنرل منیجراور پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اِس موقع پر موجود تھے۔دورہ کے موقع پر چیئرمین واپڈا نے پاور ہاو¿س تک رسائی کے لئے مرکزی سرنگ، پانی کا رخ موڑنے کے لئے دونوں سرنگوں، پراجیکٹ دفاتر اور کالونی پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین کو پراجیکٹ کے مین سول ورکس کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچرز کی تعمیر کے لئے جاری کاموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہیں اِس امر سے بھی آگاہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے رواں سال جون تک اراضی کی خریداری کے مرحلے کو مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چیئرمین واپڈانے مقامی لوگوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اراضی کی خریداری کا عمل تیز کرنے کے لئے مقامی لوگوں کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا پراجیکٹ متاثرین کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اِس حوالے سے تمام اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 4ہزار 320 میگاواٹ کا حامل داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ملک اور صوبہ خیبرپختونخوا دونوں کے لئے بہت اہم ہے۔اس منصوبے کی بدولت سستی پن بجلی کے ذریعے ملکی اقتصادیات مستحکم ہوگی اور خیبر پختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ داسو ٹاو¿ن سے بالائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ دومراحل میں تعمیر ہو گا۔ ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160میگاواٹ ہے۔ پہلے مرحلے کی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو ہر سال 12 ارب یونٹ سے زائد سستی پن بجلی مہیا ہوگی۔ جبکہ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر قومی نظام کو مزید 9 ارب یونٹ سستی پن بجلی دستیاب ہو گی۔ مین ورکس کے علاوہ پراجیکٹ ایریا میں 7 مختلف کنٹریکٹس کے تحت تعمیراتی کام جاری ہے، جن میں دائیں کنارے پر رسائی کے لئے سڑک کی تعمیر، پراجیکٹ ایریا میں شاہراہ قراقرم کی از سر نو تعمیر، دبیر خواڑ ہائیڈل پاور سٹیشن سے داسو تک ترسیلی لائن اور گرڈ سٹیشن کی تعمیر اور پراجیکٹ متاثرین کی آباد کاری کے لئے سائٹس کی تعمیر شامل ہیں۔

مزید خبریں