تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سمیت دیگر قائدین کا پاک فضائیہ کے طیارے حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت پر اظہار افسوس

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیارے کو دوران مشق پیش آنے والے حادثے کو صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے ہواباز ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری مشترکہ تعزیتی بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ …

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیارے کو دوران مشق پیش آنے والے حادثے کو صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے ہواباز ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری مشترکہ تعزیتی بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد سمیت تمام مرکزی قائدین نے پاک فضائیہ کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر رنج و الم کا اظہار کیا اور اسے قومی نقصان قرار دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا تھا کہ ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت سے پوری قوم سوگ میں مبتلا ہے۔ پاک فضائیہ کے شہید ہواباز کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ دفاع وطن کے فریضے میں اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوان و افسران قوم کے ہیروز اور باعث فخر ہیں۔ اپنے بیان میں شہید نعمان اکرم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف شہید ونگ کمانڈر کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک اور قوم کے اس جری سپوت کے بلندی درجات کیلئے دعاگو ہے۔