ٹائیگر ریلیف فورس کے معاملے پر سندھ حکومت تقسیم کا شکار ہے، معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر ریلیف فورس کے معاملے پر سندھ حکومت تقسیم کا شکار ہے، نوجوان سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور بعد میں ان کی سیاسی وابستگیاں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے فورس کی ذمہ داریاں صوبوں کو سونپ دی ہیں اسلئے سندھ حکومت کو اس معاملے پر خوفزدہ ہونے …

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر ریلیف فورس کے معاملے پر سندھ حکومت تقسیم کا شکار ہے، نوجوان سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور بعد میں ان کی سیاسی وابستگیاں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے فورس کی ذمہ داریاں صوبوں کو سونپ دی ہیں اسلئے سندھ حکومت کو اس معاملے پر خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ٹائیگر فورس کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر قومی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کیلئے کام کرے گی۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے 10 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے ٹائیگر فورس کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے جو کہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کی بڑی کامیابی ہے، ملک کے بہادر نوجوان قومی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے کیلئے آگے آئے ہیں، سندھ سے بھی ایک لاکھ سے زائد نوجوان فورس کا حصہ بنے ہیں، سندھ حکومت فورس کو سیاست کی نذر نہ کرے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کا ڈھانچہ شفاف انداز سے کھڑا کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ تحفظات نہ ہوں کہ یہ کسی ایک سیاسی جماعت کا ایجنڈا ہے، سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کا ڈیٹا سندھ کے چیف سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنرز سے آج پیر سے شیئر کرنا شروع کر دیں گے، ٹائیگر فورس کے نوجوان ملک کے کونے کونے میں غریب خاندانوں تک راشن پہنچانے کیلئے متحرک نظر آئیں گے۔ معاون خصوصی امور نوجواناں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کی تمام ذمہ داریاں صوبوں کو سونپ دی ہیں، نوجوان اپنے اپنے اضلاع اور تحصیل کی سطح پر ارکان پارلیمنٹ، ایم پی ایز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ مل کر خدمات انجام دیں گے اسلئے سندھ حکومت کو کسی سطح پر خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا واضع پیغام ہے کہ ہم نے بحیثیت قوم مل کر کورونا وائرس کو شکست دینی ہے، سندھ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، یہ سیاست کا نہیں بلکہ مل کر وباء سے نمٹنے اور مستحق لوگوں کو ریلیف دینے کا وقت ہے۔