اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) آن لائن پاکستان اوپن شڈو باکسنگ فٹنس چیلنج 2020ءکے مقابلوں میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن جاری ہے۔ یہ مقابلے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 15 جون سے شروع ہوںگے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز تنگ نے بتایا کہ ایونٹ میں ملک بھر سے کلب سطح کے مرد اور خواتین کھلاڑی بھی حصہ کے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں تین کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں کیڈٹ انڈر15، یوتھ19 اور ایلیٹ انڈر40 کے مقابلے شامل ہیں۔ کلب سطح کا شڈو ٹیسٹ 45 سیکنڈ سے ایک منٹ تک ویڈیو ہوگا جبکہ فٹنس کے چار مختلف ٹیسٹ جوکہ 90 سیکنڈ سے دو منٹ کے ہوںگے۔ کرنل ناصر اعجاز تنگ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت کے لئے آن لائن رجسٹریشن جاری ہے ابھی تک 200 سے زائد کھلاڑیوں نے آن لائن رجسٹریشن کروائی ہے۔ یہ مقابلے 21 جون تک جاری رہیں گے اور کھلاڑیوں کے نتائج کا اعلان 21 جون کے بعد جیوری اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے فیصلے کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اپنے اپنے ویڈیو کیلپ میسنجرز، واٹس اپ، انسٹا گرام پر بھیج سکیں گے۔ کرنل ناصر تنگ نے کہا کہ ایونٹ میں ہر کیٹگریز میں ٹاپ چار، چار کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کئے جائیں گے۔