فواد عالم کی پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سینچری بنانے کے بعد آن لائن پریس کانفرنس

کراچی ۔27جنوری (اے پی پی):قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹیسٹ میچ میں اپنی کھیلی جانے والی اننگز کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز ہمارے چار بیٹسمین آئوٹ ہوگئے تھے جس کی وجہ سے کوشش تھی کہ زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹہروں تاکہ سکوربورڈ پر زیادہ سے زیادہ رنز آسکیں، میچ ابھی اوپن ہے اور اگلی اننگ بھی آنی ہے، انہی عوامل …

کراچی ۔27جنوری (اے پی پی):قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹیسٹ میچ میں اپنی کھیلی جانے والی اننگز کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز ہمارے چار بیٹسمین آئوٹ ہوگئے تھے جس کی وجہ سے کوشش تھی کہ زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹہروں تاکہ سکوربورڈ پر زیادہ سے زیادہ رنز آسکیں، میچ ابھی اوپن ہے اور اگلی اننگ بھی آنی ہے، انہی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلے اور سینچری سکور کی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین 13 سال سے زائد عرصہ کے بعد کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے فواد عالم نے بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ جنوبی افریقہ کے سکور کے جتنا نزدیک پہنچا سکے اتنا اچھا ہوگا کیونکہ چوتھی اننگز میں ہمیں زیادہ رنز نہ بنانے پڑیں، ہماری کوشش جنوبی افریقہ کی لیڈ کم کرنے کی تھی لیکن اب ہم نے لیڈ حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینچری بنانا خواب ہوتاہے اور ایسے موقع پر سینچری بنانا جب ٹیم کو ضرورت ہو، اسی لئے مجھے بہت زیادہ خوشی ہے کہ میں نے ایسے وقت میں سینچری سکور کی جب ٹیم کو ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باالخصوص کراچی میں یہ میرا پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری دو اننگز انگلینڈ میں خراب ہوئی تھیں اس کے باوجود مجھے ٹیم سے باہر نہیں کیا گیا اور مجھے نیوزی لینڈ میں بھی چانس دیا گیا، اسلئے میرا خیال ہے کہ مجھے مینجمنٹ کی جانب سے بہت اچھی سپورٹ مل رہی ہے، مصباح الحق کی جانب سے مجھے بہت کنفیڈنس ملا ہے ، مینجمنٹ کی سپورٹ کھلاڑیوں کو زیادہ اعتماد فراہم کرتی ہے اور سپورٹ ملنے کے بعد کوشش ہوتی ہے کہ تمام باتوں کو چھوڑ کر اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کروں تاکہ کارکردگی اچھی ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان ہمارے ملک کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے لیجنڈ کھلاڑی ہیں اور ان کے ہونے سے بیٹسمینوں میں اعتماد بڑھتا ہے، وہ بیٹسمینوں کو بہت زیادہ اعتماد دیتے ہیں، یونس خان کی عادت ہے کہ وہ پہلے بیٹسمینوں کو سنتے ہیں پھر ٹپس دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بیٹنگ میں جہاں ہمیں مسئلہ ہوتا ہے، ہم یونس خان سے رابطہ کرتے ہیں اور وہ اس کا حل بتاتے ہیں۔ انہوں نے کہا یونس خان بیٹسمینوں کو انہی کی طرح سمجھاتے ہیں، یونس خان بن کر نہیں سمجھاتے جس کی وجہ سے کم سے کم مجھے ضرور فائدہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو نصیب میں ہوتا ہے وہی ملتا ہے، میں نے ڈومیسٹک سیزن میں بہت رنز کئے ہیں۔فواد عالم نے کہا کہ میرے دس سال ضائع نہیں ہوئے، دس سال کھیل کر شاید مجھے اتنی عزت نہیں ملتی جتنی اب مل رہی ہے۔

مزید خبریں