آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئرزرینکنگ جاری

52
آئی سی سی رینکنگ

دبئی۔31مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تینوں فارمیٹ کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے۔ ٹی 20 رینکنگ میں کیوی بلے باز ڈیون کونوے پانچ درجے ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان پہلے، آسٹریلیا کے ایرن فنچ دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔

بائولنگ میں کیوی کپتان ٹم سائودی کی دو درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے، افغانستان کے راشد خان دوسرے اور آسٹریلیا کے ایشٹن ایجر تیسرے نمبر پر ہیں۔ ون ڈے آل رائونڈرز رینکنگ میں انگلینڈ کے بین سٹوکس چار درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 124 رنز کی اننگز کھیلنے والے انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو ساتویں نمبر پر برقرار ہیں۔بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے رشبھ پنٹ، ہارڈیک پانڈیا اور راہول کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ بھارت کے ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ پاکستان کے بابر اعظم دوسرے اور بھارت کے روہیت شرما تیسرے نمبر پر ہیں۔

بائولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری پانچ درجے ترقی پاکر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ یہ ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی ہے۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے اور افغانستان کے مجیب الرحمان دوسرے نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے نکروما بونر اور سری لنکا کے نروشن ڈکویلا کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے، آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ دوسرے اور مارنس لابوشین تیسرے نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ویسٹ انڈین فاسٹ بائولر جیسن ہولڈر تین درجے ترقی کرکے آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ کیمار روچ بھی دو درجے بہتری کے ساتھ 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔