پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

سنچورین ۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی ،قومی ٹیم نے 274 رنز کا ہدف میچ کی آخری بال پر حاصل کیا ، کپتان بابراعظم نے اپنی 13 ویں سنچری مکمل کی، جنوبی افریقی بلے باز وان ڈر دوسن کی 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز رائیگاں گئی، پاکستان کو سیریز میں 1-0کی …

سنچورین ۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی ،قومی ٹیم نے 274 رنز کا ہدف میچ کی آخری بال پر حاصل کیا ، کپتان بابراعظم نے اپنی 13 ویں سنچری مکمل کی، جنوبی افریقی بلے باز وان ڈر دوسن کی 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز رائیگاں گئی، پاکستان کو سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہوگئی ۔ جمعہ کو سپر سپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے گئے 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پرو 273 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ابتدائی بلے باز پاکستانی بائولروں کا سامنا نہ کر سکے اور 55 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کے ابتدائی چار بلے باز پویلین لوٹ گئے تاہم وان ڈر دوسن اور ڈیوڈ ملر نے پانچویں وکٹ پر 116 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعی سکور 171 پر پہنچا دیا۔ ڈیوڈ ملر 50 رنز بنا کر حارث رئوف کی بال پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ وان ڈر دوسن نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔

انہوں نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں دس چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ فلہوکوایو 29 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے 274 رنز کا ہدف میچ کی آخری بال پر سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ قومی ٹیم کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کو پہلا نقصان 9 رنز پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 8 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

فخر زمان کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 177 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 13ویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 104 گیندوں پر 103 رنز بنائے’ ان کی دھواںدار اننگز میں 17 چوکے شامل ہیں’ وہ 103 رنز بنا کر نارٹجی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ امام الحق نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ وہ نارٹجی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔

اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے دانش عزیز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف تین رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے بعد پاکستان کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے’ وہ صرف دو رنز بنا کر نارٹجی کا شکار بنے۔اس کے بعد محمد رضوان نے شاداب خان کے ساتھ مل کر 53 رنز کی پارٹنر شپ لگائی۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 256 رنز پر گری جب محمد رضوان 40 رنز بنا کر فلہوکوایو کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ اس وقت گری جب پاکستان کو فتح کے لئے تین رنز درکار تھے’ شاداب خان 33 رنز بنا کر فلہوکوایو کا شکار بنے۔ فہیم اشرف نے آخری اوور کی آخری گیند پر وننگ شارٹ لگا کر قومی ٹیم کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری دلادی۔