دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ابتدائی اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں ،مشتاق احمد

78
دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ابتدائی اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں ،مشتاق احمد
دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ابتدائی اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں ،مشتاق احمد

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):اسپن بائولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ابتدائی اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں اور یہ کھلاڑی آئندہ چند سالوں میں پاکستان کی نمائندگی کے بھی قابل ہیں۔سابق ٹیسٹ اسپنرفی الحال قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری دس روزہ کیمپ میں نوجوان اسپنرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کررہے ہیں،۔کیمپ میں شریک چھ اسپنرز میں سے دو قاسم اکرم اور فہد منیر نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ باقی چار اسپنرز عالیان محمود، فیصل اکرم، ارحم نواب اور علی اسفند نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شامل انڈر 19 ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

مشتاق احمد اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں منعقدہ انڈر 19 کھلاڑیوں پر مشتمل تربیتی کیمپ میں بھی شرکت کرچکے ہیں، وہ اب لاہور میں جاری دس روزہ کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اسپن بائولنگ کے گر سیکھارہے ہیں،17 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی انڈر 19 اسکواڈ 12 اپریل کو بنگلہ دیش روانہ ہوگا، جہاں اسے میزبان ٹیم کے خلاف واحد چار روزہ اور پچاس اوورز پر مشتمل پانچ میچز کھیلنے ہیں۔مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ہمیشہ ایک خاص دبائو رہتا ہے لیکن انہیں اس اسکواڈ میں بہت باصلاحیت اسپنرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحثیت اسپنرکیرئیر کے اس موقع پر ان کھلاڑیوں کے لیے اسپن باﺅلنگ میں کنٹرول حاصل کرنا بہت اہم ہوتا ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش میں شامل ایک چار روزہ میچ ان نوجوان اسپنرز کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، وہ ان نوجوان اسپنرز کو وکٹیں حاصل کرنے کا فن سیکھاناچاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کیمپ میں شریک نوجوان چائنہ مین اسپنر فیصل اکرم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں، ارحم نواب اور عالیان محمود بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور بطور کوچ وہ ان سب کو اسپن باﺅلنگ کا فن سیکھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسپنر کے لیے ضروری ہے کہ وہ نیٹ پر زیادہ سے زیادہ بائولنگ کرے تاکہ اس کا کنٹرول بہتر ہو اور وہ جتنے زیادہ اسپیل کرے گا، اس کی باﺅلنگ اتنی ہی بہتر ہوگی۔تربیتی کیمپ کے ابتدائی دو روز نیٹ سیشنز کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ تین روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کھیلے گا جس کے بعد پچاس اوورز پر مشتمل 2 میچز بھی کھیلے جائیں گے، اس دوران حتمی 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

قومی انڈر 19 اسکواڈ میں بیٹسمین عباس علی ، عبد الفصیح ، عبدالواحد بنگلزئی ، فہد منیر ، معاذ صداقت ، محمد عرفان نیازی ، محمد شہزاد ، قاسم اکرم اور رضوان محمود ،وکٹ کیپرزمیں حسیب اللہ اور رضا المصطفیٰ ، اسپنرز میں عالیان محمود ، علی اسفند ، ارحم نواب اور فیصل اکرم،فاسٹ بائولرز میں احمد خان ، عاصم علی ، منیب واصف ، طاہر حسین اور ذیشان ضمیر شامل ہیں-اسپورٹ اسٹاف میں اعجاز احمد (ہیڈ کوچ اور ٹیم منیجر) ، عمران اللہ (ٹرینر) رائو افتخار (بائولنگ کوچ) ، مہتشم رشید (فیلڈنگ کوچ) ، حافظ نعیم (فزیو تھراپسٹ)، کرنل (ر) صفدر سعید (سیکیورٹی منیجر) ، فیصل رائے (اینالسٹ) اور عماد احمد حمید (میڈیا منیجر) شامل ہیں-

شیڈول کے مطابق12 اپریل کو ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی ہو گی،16 تا 18 اپریل قومی انڈر 19 اسکواڈ کے سلہٹ میں ٹریننگ سیشنز کر ے گی۔19 تا 22 اپریل واحد چار روزہ میچ بمقام سلہٹ کھیلا جا ئے گا جبکہ6 2اپریل کو پہلا،28 اپریل کو دوسرااور30 اپریل کو تیسرا پچاس اوورز پر مشتمل میچ سلہٹ میںہی کھیلا جائے گا۔3 مئی کوچوتھا میچ اور5 مئی کو پانچواں پچاس اوورز پر مشتمل میچ ڈھاکہ میں کھیلا جا ئے گا اور6 مئی کووطن واپسی ہوگی-