بڑی درآمدی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کا ٹویٹ

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ بڑی درآمدی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2021 کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات 34 فیصد اضافہ سے 2.33 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 2020 کے دوران چین …

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ بڑی درآمدی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2021 کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات 34 فیصد اضافہ سے 2.33 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 2020 کے دوران چین کو 1.74 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات میں 586 ملین ڈالر کااضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کو کی جانےوالی قومی برآمدات 19 فیصد اضافہ سے 1.3 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.5 ارب ڈالر تک بڑھی ہیں ۔ اسی طرح ہالینڈ کو کی جانے والی برآمدات بھی گزشتہ مالی سال کے دوران 23 فیصد اضافہ سے ایک ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مشیر تجارت نے کہا کہ مالی سال 21-2020 میں پو لینڈ کو کی جانے والی قومی برآمدات 28 فیصد اضافہ سے 308 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 20-2019 میں 241 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کی وبا کے مسائل کے باوجود ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک میں تعینات وزارت تجارت کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ برآمدات کے فروغ کے لئے برآمد کنندگان کو ہر طرح کی ممکنہ سہولیات میں مزید اضافہ کو یقینی بنایا جائے۔