تجارت اور صنعت کے فروغ کیلئے ہر ضلع میں چیمبر آف کامرس خصوصی کردار ادا کر رہے ہیں،سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ

117

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):یونائیٹڈ بزنس گروپ پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تجارت اور صنعت کے فروغ کیلئے ہر ضلع میں چیمبر آف کامرس خصوصی کردار ادا کر رہے ہیں اور سرگودھا میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے قیام سے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں مزید مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر آصف اقبال جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر احمد حسن مغل، سابق سینیئر نائب صدر خالد چودھری،

سابق نائب صدر نثار مرزا، ملک محسن خالد اور ضیاء چودھری بھی شامل تھے۔سرگودھا سمال چیمبر کے صدر آصف اقبال نے کہا کہ ہمارا چیمبر ابھی حال ہی میں قائم ہوا ہے اور ہمیں اس کیلئے دیگر چیمبر سے رہنمائی اور تعاون کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ سرگودھا زرعی اجناس اور فروٹ کی پیداوار کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافہ کر کے زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اسلام آباد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چودھری نے یو بی جی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔